ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / یدی یورپا نے کانگریس کے رشوت ستانی کے الزام کو افسوسناک قراردیا 

یدی یورپا نے کانگریس کے رشوت ستانی کے الزام کو افسوسناک قراردیا 

Sat, 23 Mar 2019 02:25:25  SO Admin   S.O. News Service

بنگلور:22 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)  یدی یورپانے کانگریس کی طرف سے رشوت ستانی کے الزام کو افسوسناک بتایا۔ کرناٹک کے سابق وزیر اعلی اور بی جے پی کے سینئر لیڈر یدی یورپا نے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس اس الزام کی تحقیقات کر چکا ہے اور سارے دستاویزات فرضی پائے گئے تھے۔ کانگریس نے یدی یورپا پر پارٹی کے اعلی افسران کو رشوت کے طور پر 1800کروڑ روپے دینے کا الزام لگایا ہے۔ اس سے قبل کانگریس نے اس معاملے کی لوک پال سے جانچ کرائے جانے کی بھی مانگ کی تھی۔سابق وزیر اعلی یدی یورپا نے ایک بیان میں دعوی کیا کہ محکمہ انکم ٹیکس کی جانچ میں ان الزامات کی دستاویزات فرضی پائے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ معاملہ بند ہو چکا ہے۔ سابق وزیر اعلی یدی یورپا نے الزام لگایا کہ کانگریس لوک سبھا انتخابات میں ’ہار‘ کو دیکھ کرقبل از وقت افسردگی کی شکار ہے اور اس وجہ سے وہ یہ مسئلہ اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی طرف سے آج اٹھائے گئے مسائل سمیت دیگر تمام مسائل کی پہلے ہی تحقیقات کی جا چکی ہے اور اس کی تحقیقات میں یہ پایا گیا تھا کہ دستاویزات ’فرضی ‘ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس کے حکام نے پایا کہ دستاویزات، دستخط اور دستی تحریرمیں لکھے گئے نوٹ فرضی تھے۔ یدی یورپا نے الزام لگایا کہ کانگریس لیڈروں نے آنے والے انتخابات میں سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے میڈیا میں یہ کہانی ’گڑھ ‘ لی ہے۔ اس سے پہلے کانگریس نے ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا گیا تھا کہ کرناٹک کے وزیراعلیٰ رہتے ہوئے یدی یورپا نے بی جے پی کے سب سے اعلیٰ رہنماؤں کو 1800 کروڑ روپے کی رشوت دی جس کی جانچ لوک پال سے ہونی چاہیے۔ کانگریس پارٹی کے مرکزی ترجمان رندیپ سرجے والانے کہا کہ اس معاملہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کو فوری جواب دینا چاہیے۔ 


Share: